بزنس کمیونٹی جرائم پر قابو پانے کی کوششوں میں اسلام آباد پولیس کے ساتھ کھڑی ہے۔ احسن بختاوری
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور کاروباری سرگرمیوں کیلئے ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے پر اسلام آباد پولیس کی کاوشوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ بزنس کمیونٹی شہر میں جرائم پر قابو پانے کی کوششوں میں پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ڈی واٹسن لائنز کلب کی جانب سے جی الیون چیک پوسٹ پہ اسلام آبادپولیس اکے فسران اور جوانوں کے اعزاز میں دی گئی ایک افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صدر نوشیروان علی، سب ڈویژنل پولیس افسران، صدر زون کے پولیس افسران اور تاجر برادری کے نمائندگان افطار میں موجود تھے۔
احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پولیس افسران اور جوان سحری و افطار کے اوقات میں چیک پوسٹوں اور مساجد میں ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں اور اس موقع پر ان کی موجودگی سے شہریوں میں بہترتحفظ کا احساس پیدا ہوتا ہے لہذا اس سلسلے میں پولیس کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تاجر برادری شہر میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر کرنے اور جرائم کنٹرول کرنے کی کوششوں میں ہمیشہ پولیس کے ساتھ کھڑی رہے گی کیونکہ اس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے اس موقع پر پولیس جوانوں میں مختلف تحائف بھی تقسیم کئے۔
اسلام آباد ڈی واٹسن لائنز کلب کے صدر سیف الرحمٰن خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس کے اہلکار اپنی جان خطرے میں ڈال کو دوسروں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں جس کیلئے وہ تعریف کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے ساتھ افطاری کرنے کا مقصد ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے کیونکہ وہ کمیونٹی کی عظیم خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس معاشرے کا کلیدی حصہ ہے اور پولیس اور سول سوسائٹی کے درمیان قریبی رابطہ جرائم پر قابو پانے اور امن کے فروغ میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔
صدر زون کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشیروان علی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری اور اسلام آباد ڈی واٹسن لائنز کلب کے صدر سیف الرحمٰن خان سمیت دیگر شرکاء کا پولیس افسران اور جوانوں کے ساتھ افطار کرنے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے پولیس کی بہت حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور وہ مزید محنت و لگن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دینے کی کوشش کریں گے۔