وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان جمہوریت کو کمزور کر رہے ہیں۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ملک میں پہلی بار ایک وزیر اعظم کو آئینی طریقے سے گھر بھیجا گیا، ملک کے کونے کونے میں عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے بحث ہو رہی ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں توڑی گئیں۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ اسمبلیوں پر بحث کی بات بھی اسی بینچ میں ہوئی، عدالت نے اس کرائسز کو کھڑا کیا ہے، عدالت آج خود قوم کو تقسیم کر رہی ہے، آج تین رکنی بینچ مانیٹرنگ جج بن گئے ہیں، عدلیہ حکم دے رہی ہے کہ ملک کیسے چلانا ہے۔انہوں نے کہا سب کا مطالبہ تھا کہ فل کورٹ بنا دیا جائے، آدھے جج ساتھ نہیں بیٹھتے تو وہ ہمیں کیا اخلاقی درس دیں گے، آپ نے بھٹو شہید کو پھانسی دی، کیا مسئلے حل ہو گئے؟، آج سارے کہتے ہیں بہت بڑا گناہ ہو گیا، آج ہم اس فیصلوں کی سزا بھگت رہے ہیں۔