ہمارا ملک جہنم میں جا رہا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ
امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف عدالتی کارروائی کو انتخابی عمل میں مداخلت قرار دے دیا۔سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک میں عدالت میں پیشی کے بعد فلوریڈا میں حامیوں سے پہلا خطاب کیا۔منگل کو امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینیئلز کو 2016میں معاملات چھپانے کے لیے رقوم کی ادائیگی کے کیس میں فردجرم عائد ہونے کے معاملے میں نیویارک کی مین ہیٹن عدالت میں پیش ہوکر خود کو قانون کے حوالے کیا۔نیویارک کی عدالت نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فحش اداکارہ کو رقم کی ادائیگی کے معاملے میں کاروباری جعلسازی کے 34 الزامات عائد کیے ۔تاہم عدالت سے فلوریڈا روانہ ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کو انتخابی عمل میں مداخلت قرار دے دیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ساڑھے 7 کروڑ ووٹ لینے والے امریکی صدر پر فرد جرم عائد کی جا رہی ہے، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ امریکا میں ایسا ہو سکتا ہے ، میرا واحد جرم ہے کہ میں نے اپنی قوم کا ان لوگوں سے بلا خوف و خطرہ دفاع کیا جو اسے تباہ کرنا چاہتے ہیں۔سابق امریکی صدر نے کہا کہ ہمارا ملک جہنم میں جا رہا ہے، دنیا پہلے ہی بہت سی دوسری وجوہات کی بنا پر ہم پر ہنس رہی ہے۔ ٹرمپ نے مقدمے کے جج کو متعصب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ سے نفرت کرنے والا جج ہے جبکہ انہوں نے نیویارک کے ڈسٹرکٹ اٹارنی کو بھی مجرم قرار دیا۔ ریلی سے خطاب کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ نیویارک کے ڈسٹرکٹ اٹارنی براگ کو مستعفی ہوناچاہیے اور ان کیخلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا بدنظمی کا شکار ہوچکا ہے، امریکا کی معیشت تباہ ہو رہی ہے، افراط زر قابو سے باہر ہو رہا ہے، روس نے چین سے اور سعودی عرب نے ایران سے شراکت کرلی ہے، اگر وہ امریکا کے صدر ہوتے تو ایسا کبھی نہ ہوتا۔