بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاک بحریہ کا جہاز امدادی سامان لیکر ترکی پہنچ گیا

پاک بحریہ کا بحری جہاز نصر جو کہ بین الاقوامی انسانی امداد اور قدرتی آفات سے متعلق امداد مشن پر تعینات تھا ترکی کے بندرگاہی شہر مرسین پہنچ گیا۔ رپورٹ کے مطابق پی این ایس نصر نے مرسین پہنچنے سے پہلے شام میں امدادی مشن مکمل کیا اور اب زلزلے سے متاثرہ افراد میں تقسیم کرنے کے لیے تقریباً 200 ٹن وزنی امدادی سامان ترک حکام کو فراہم کرے گا۔

ترکی اور شام میں گزشتہ ماہ آنے والے شدید زلزلے سے ہزاروں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔امدادی سامان کی دوسری کھیپ 23 مارچ کو پی این ایس معوین پر مرسین پہنچنے والی ہے۔ترکی کی بندرگاہ پہنچنے پر پی این ایس نصر کا استقبال مرسین کے گورنر، حکومتی نمائندوں اور ترکی میں پاکستان کے سفیر نے کیا۔

پی این ایس نصر میں جہاز کے اہلکاروں سے ملاقاتوں کے دوران مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور پاکستانی عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا اور ضرورت کے وقت ہر ممکن تعاون کا اعلان کیا۔

اس سے قبل، 13 سے 19 مارچ تک شام کی لطاکیہ بندرگاہ پر قیام کے دوران، جہاز نے بھاری مقدار میں امدادی سامان اتارا جس میں موسم سرما کے کیمپ، کمبل، گرم کپڑے، راشن، ادویات اور جنریٹرز شامل تھے۔

اس کے ساتھ پاک بحریہ کی طبی ٹیموں نے ایک میڈیکل کیمپ بھی لگایا اور صحت کی خدمات کی فراہمی میں مقامی ڈسپنسری کو مدد فراہم کی۔

اسکولوں کے بچوں نے پی این ایس نصر کا دورہ کیا اور افسران اور جوانوں سے بات چیت کی۔شامی حکومت اور مقامی لوگوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد کو سراہا۔

اشتہار
Back to top button