نورپورتھل کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا، اسسٹنٹ کمشنر
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) اسسٹنٹ کمشنر تحصیل نور پور تھل علیزہ ریحان نے کہا ہے کہ انشاءاللہ تحصیل نورپورتھل کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آفیسرز، صحافیوں، تاجروں ،سوشل ورکرز اور دیگر مختلف شعبہ ہاءے زندگی کی نمائندہ شخصیات کے ساتھ تعارفی نشست کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں مختلف انتظامی عہدوں پر عوام کی خدمت کرنے کے مواقع ملے ہیں۔ ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کو اپنا مشن بنایا ہے ۔ نورپورتھل میں تعیناتی کے دوران بھی اس عظیم مشن کے تحت عوام کی خدمت کروں گی ۔ علیزہ ریحان نے کہا کہ نورپورتھل شہر میں صحت و صفائی کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پندرہ روزہ صفائی مہم کا آغاز کردیا گیاہے اور اس سلسلے میں ٹی ایم اے کی تمام مشینری متحرک ہو چکی ہے۔ تمام صورتحال کا موقع پر جاکر میں جائزہ لے رہی ہوں۔ اسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے تحصیل نورپورتھل میں شاندار طریقے سے کلچر ڈے کا انعقاد بھی کیا جائے گا ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے شہریوں پر زور دیا کہ صفائی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے ہمارے عملے کے ساتھ تعاون کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے ہم سب کو مل کر اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس موقع پر جملہ شرکاءے نشست نے اسسٹنٹ کمشنر کو علاقائی تعمیروترقی کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔