اکبر چوک انڈرپاس و فلائی اوور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد، وزیراعلیٰ محسن نقوی کا پراجیکٹ 90 دن میں مکمل کرنے کا حکم
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اکبر چوک انڈر پاس و فلائی اوور کی تعمیرکے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کے بعد دعا کی۔ اکبر چوک انڈر پاس و فلائی اوور منصوبے پر 3ارب10کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
وزیراعلیٰ نے پراجیکٹ کو 90 دن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اکبر چوک فلائی اوور 2لینز اور 700میٹرطویل ہوگا جبکہ انڈر پاس 2لینز اور 540میٹرطویل ہوگا۔ منصوبے سے فیصل ٹاؤن،جوہرٹاؤن،کوٹ لکھپت اور دیگر ملحقہ آبادیاں مستفید ہوں گی۔ شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے کروڑوں روپے کی بچت کی گئی ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔
بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی سے معاہدہ ہو گیا ،پی سی بی لائٹس خریدے گا۔لائٹس کرائے پر نہیں لیں گے جس سے آئندہ لائٹس کی مد میں کروڑوں کے اخراجات کی بچت ہوگی ۔انہو ں نے کہا کہ صرف لائٹس کے کرائے کی مد میں گزشتہ سال 60 کروڑ روپے خرچ کئے گئے جبکہ رواں سال بھی لائٹس کے کرائے کا خرچ 50 کروڑ روپے تھا۔
محسن نقوی نے کہا کہ جب بھی حکم ملے گا، الیکشن کرا دیں گے۔میں نے کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی۔ ہمارا خیال تھا گرفتاریاں دینے والے بہت زیادہ ہوں گے۔بہت زیادہ گرفتاریوں کے پیش نظر کچھ لوگوں کو دیگر شہروں کی جیلوں میں بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہورکا رہنے والا ہوں، لاہورکا کوئی پراجیکٹ نہیں رکنے دیں گے۔
اکبر چوک اوور ہیڈ برج اور انڈر پاس منصوبے کو 4 ماہ کی بجائے 90 دن میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اکبر چوک اوور ہیڈ برج اور انڈر پاس پراجیکٹ کا ڈیزائن پچھلی حکومت کا ہے، تبدیلی نہیں کی صرف شروع کیا ہے اور جلد مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اکبر چوک اوور ہیڈ برج اور انڈر پاس پراجیکٹ کے بعد ٹریفک کی روانی کیلئے اگلے چوک کی ری ماڈلنگ بھی ضروری ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو پر خرچ بہت زیادہ تھا اور سپانسر نہیں تھے۔90 کروڑ روپے کی خطیر رقم ہارس اینڈ کیٹل شو پر خرچ کرنا مناسب نہیں۔ سپانسرز کے ساتھ جشن بہاراں کی تقریبات ہو رہی ہیں اور اس جشن بہاراں کی تقریبات پر حکومت کے کوئی اخراجات نہیں ہو رہے۔
انہو ں نے کہا کہ جاری پراجیکٹس کی تکمیل ترجیح ہے اور جو پراجیکٹ کم وقت میں مکمل ہو سکتے ہیں، مکمل کرائیں گے۔23 مارچ کو سی بی ڈی کلمہ چوک ری ماڈلنگ پراجیکٹ مکمل ہو جائے گا۔ قائداعظم انٹرچینج کے پاس کنٹونمنٹ انڈرپاس کی تکمیل میں معاونت کریں گے۔ ٹریفک کا ایشو تجاوزات کی وجہ سے ہو رہا ہے، کمشنر لاہور اس پر کام کر رہے ہیں۔پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں سہولیات کی فراہمی پر عملدرآمد کرانا ایل ڈی اے کی ذمہ داری ہے۔صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، ابراہیم حسن مراد، اظفر علی ناصر، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔