بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد 4 ہزار سے متجاوز

ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی، رات گئے آنے والے زلزلے نے لوگوں کو بچنے کا موقع ہی نہ دیا، کم و بیش ایک ہزار سے زائد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی کئی گھنٹوں تک جاری رہا، دونوں ممالک میں اموات کی مجموعی تعداد 4372 ہوگئی ہے۔

المناک زلزلے کے باعث ترکیہ میں 2921 اور شام میں 1451 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 ہزار 800 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

ترکیہ میں شدید زلزلے سے عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، زلزلے کے خوف سے لوگ سڑکوں پر نکل آئے، امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے شدید ترین جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے، زلزلے کا مرکز ترکیہ سے 23 کلومیٹر جنوب میں تھا، جبکہ گہرائی 17.9 کلومیٹر تھی۔

زلزلے سے کہرمان، عثمانیہ، ملاطیا، دریار بکر سمیت 10 شہر زیادہ متاثر ہوئے، زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان، اردن، لبنان، جارجیا اور آرمینیا میں بھی محسوس کئے گئے۔

واضح رہے کہ ترکیہ میں 1939 میں بھی 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 30 ہزار افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے، ترکیہ میں25 سال کے دوران 7 یا اس سے زیادہ شدت کے7 زلزلے آئے۔

ترک صدر نے ملک بھر میں ایک ہفتے کے سوگ کا اعلان کر دیا، ترکیہ میں ایک ہفتے تک پرچم سرنگوں رہے گا۔

ترکیے میں زلزلے کے بعد ملک بھر میں سکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، ترک وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں تمام سکول 13 فروری تک بند رہیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر ترکیہ کی حکومت اور عوام سے اظہار تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں برادر ملک ترکیہ اور ترک عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان ترکیہ کی ہرممکن مدد کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف قیامت خیز زلزلہ کی تباہی کے بعد ترک عوام سے اظہار ہمدردی کیلئے کل (بدھ) کو ترکیہ جائیں گے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ہمراہ ہوں گے، دونوں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف دورہ کے دوران انقرہ بھی جائیں گے جہاں وہ ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے۔

Back to top button