نامور ماہرتعلیم ، دانشور، مصنف اور شاعر راجہ غلام اصغر طاہر کو گولڈ میڈل سے نواز دیا گیا
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)ضلع خوشاب کےلیے ایک اور بڑااعزاز، نامور ماہرتعلیم ، دانشور، مصنف اور شاعر راجہ غلام اصغر طاہر کو بزم علم وادب اور اقبال چئیر یونیورسٹی آف سیالکوٹ کی طرف سے گولڈ میڈل ایوارڈ کی عطائیگی ۔ راجہ غلام اصغر طاہر اپنی تخلیقی، تحقیقی اور تنقیدی محاسن کے باعث قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ نثرنگاری میں ان کا اسلوب بیاں شستہ، دلکش اور بصیرت افروز ہے۔ قاری ان کے لفظوں کی خوشبو میں کھوساجاتاہے۔ سال 2022 ءکی تصنیف” جوہرنظامی مستند اہل قلم کی نظر میں” شامل مضامین کا عرصہ تخلیق نصف صدی سے زیادہ ہے۔ اس کتاب کے مطالعہ سے معلوم ہوتاہے کہ مصنف نے نہایت عرق ریزی اور تلاش و جستجو کے بعد آئمہ فن کے مضامین کی بازیافت کی ہے۔ ایسے مستند مواد تک رسائی کو راجہ غلام اصغر طاہر نے اپنے جزبے اور شوق کی بدولت نہایت آسان بناکرادب کی بڑی خدمت کی ہے۔ زبان وادب کی عظیم خدمات کااعتراف کرتے ہوئے بزم علم وادب کی ایگزیکٹو کمیٹی نے انھیں”علامہ اقبال گولڈ میڈل”کے لیے منتخب کیا۔ جوہرآبادضلع خوشاب سے سال 2022 ءکا ادبی ایوارڈ” علامہ اقبال گولڈ میڈل ایوارڈ” راجہ غلام اصغر طاہرنے ایک پروقار تقریب کے دوران وصول کیا۔ دریں اثناءعوامی، سماجی، تعلیمی، ادبی اور صحافتی حلقوں نے ممتاز ماہرتعلیم اور محقق راجہ غلام اصغر طاہر کو حسن کارکردگی گولڈ میڈل ایوارڈ ملنے پر دلی مبارکباددیتے ہوئے ان کے لئے نیک تمناؤں کااظہارکیاہے۔