ڈاکٹر ملک جاوید اقبال سگو کو قومی خدمات کے اعتراف میں گولڈ میڈل دیدیا گیا
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ضلع خوشاب کے قابل فخر سپوت کا ملکی سطح پر ایک منفرد اعزاز ، ڈاکٹر ملک جاوید اقبال سگو کو قومی خدمات کے اعتراف میں گولڈ میڈل دیدیا گیا، عوامی ، سماجی، ادبی تعلیمی اور صحافتی حلقوں کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار ۔قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ فزکس سے تعلق رکھنے والے پروفیسر ڈاکٹر ملک جاوید اقبال سگو کو پاکستان اکیڈمی آف سائنسز (PAS) کی جانب سے فزکس کے شعبے میں نمایاں تحقیق کرنے پر گولڈ میڈل سے نوازا گیا ہے۔پی اے ایس کے سالانہ ایوارڈز کی تقریب کے دوران نیچرل سائنسز کے زمرے میں یہ باوقار میڈل دیا گیا۔
ڈاکٹر ملک جاوید اقبال سگو کا کام نینو ٹیکنالوجی کے گرد گھومتا ہے۔ ڈاکٹر ملک جاوید سگو دنیا کی اعلیٰ درجہ کی یونیورسٹیوں میں سے ایک یونیورسٹی آف کیمبرج سے پوسٹ ڈاکٹریٹ مکمل کرنے کے بعد ابھی وطن عزیز پاکستان واپس آئے ہیں۔ حکومت پاکستان نے پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے توسط سے انہیں پی اے ایس گولڈ میڈل 2022 سے نوازا ہے، جو پاکستانی قوم کے لیے ان کی سائنسی، فکری، انتظامی، شراکتی/خدمات پر پاکستان میں نوجوان سائنسدانوں کا سب سے بڑا اعزاز (عبد السلام پرائز) ہے۔
گولڈ میڈل جیتنے والا ملک ڈاکٹر جاوید اقبال سگو پاکستان کے سب سے کم عمر پروفیسر (گریڈ، 21) ہیں۔ جن کے پاس کئی قومی اور بین الاقوامی اعزازات ہیں۔ ڈاکٹر ملک جاوید اقبال سگو کا تعلق ضلع خوشاب کی تحصیل نور پور تھل کے ایک چھوٹے سے گاؤں جھرکل سے ہے۔ موصوف خوشاب کے علاقے کے ہونہار فرزند ہیں۔