گیم آن ہے، پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کو 33 رنز سے شکست دیدی
آسڑیلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے اہم ترین میچ میں پاکستان کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو بارش سے متاثرہ میچ میں ڈگ ورتھ لیوس فارمولا کے تحت 33 رنز سے شکست دیدی، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، پاکستان کے ابتدائی چار بیٹرز صرف 43 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے تاہم اس موقع پر افتخار احمد اور شاداب خان نے مڈل آرڈر میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے مجموعے کو 185 رنز تک پہنچا دیا، پاکستان نے مقررہ بیس اوورز میںنو وکٹوں پر یہ سکور بنایا، پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے دھواں اننگز کھیلتے ہوئے صرف بائیس گیندوں پر تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 52 جبکہ افتخار احمد 35 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے، محمد حارث گیارہ گیندوں پر دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، جنوبی افریقہ کی جانب سے اینریج نورٹیج نے چار، ویان پارنل، ربادا، لونگی اور تبریز شمسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی اننگز کے دوران بارش ہونے کے باعث جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کیلئے 14 اوورز میں 142 رنزکا ہدف دیا گیا مگر جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی ، جنوبی افریقہ کی جانب سے کپتان باووما 36 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین، شاداب خان نے دو جبکہ نسیم شاہ، حارث رئوف اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، شاداب خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔