کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے خوشاب میں بھی یوم ِسیاہ پُر امن طریقے سے منایا گیا
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لئے ملک بھر کی طرح ضلع خوشاب میں بھی یوم ِسیاہ پُر امن طریقے سے منایا گیا اور کشمیریوں کی حقِ خود اِرادیت کے حوالے سے ضلعی اور تحصیل سطح پر مُختلف پروگرامز مرتب کئے گئے۔صُبح کا آغاز نمازِ فجر کے بعد تلاوتِ کلامِ پاک اور خصوصی دُعاؤں سے کیا گیا۔یومِ سیاہ کے حوالے سے ضلعی سطح پر جوہر آباد میں ایک ریلی کا اِنعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر خوشاب میثم عباس نے کی۔ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر خوشاب اشفاق رسول،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیراِمتیاز احمد مانگٹ،ڈی پی ڈبلیو او چوہدری محمد شاہد کے علاوہ ڈسٹرکٹ ایمر جنسی،ایجوکیشن،فاریسٹ دیگر محکموں کے افسران وملازمین،انجمن تاجران،سکولز کے طلباء کے علاوہ مُختلف شُعبہ ہائے زندگی کے لوگوں نے شرکت کی۔ریلی سرور شہیدلائبریری چوک مین بازار سے شروع ہو کر کالج چوک پر اِختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شُرکاء نے کشمیر یوں کے حق میں بینرز اور کتبے اُٹھا رکھے تھے اور کشمیری بھائیوں سے اِظہارِ یکجہتی کے لئے فلک شگاف نعرے بھی لگا رہے تھے۔ریلی کے اِختتام پر ڈپٹی کمشنر اور دیگر شُرکاء نے کشمیریوں کی حقِ خود اِرادیت اورکشمیریوں کو رائے دہی کا حق دینے کے متعلق اپنے خیالات کا اِظہار کیا۔