پاکستان کے ایف 16 طیاروں کی مرمت کے امریکی پیکج کی راہ ہموار
پاکستان کے ایف 16 طیاروں کی مرمت کے امریکی پیکج کی راہ ہموار ہو گئی، امریکی کانگریس نے پاکستانی ایف 16 طیاروں کے دیکھ بھال پیکج پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔
پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی مرمت کے پرزے فروخت کرنے کی امریکی انتظامیہ سے منظوری کے بعد امریکی کانگریس سے توثیق لازم تھی
واضح رہے کہ پرزوں کی خریداری اور طیاروں کی مرمت کا پیکج گزشتہ ماہ منظور کیا گیا تھا جس کے بعد بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ نے امریکی ہم منصب سے فون پر بھارت کے پاکستان کو F-16 طیاروں کے پرزے فروخت کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے امریکا سے احتجاج کیا تھا۔
بعد ازاں واشنگٹن میں بھارتی وزیرخارجہ سبرامنیم جے شنکر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان کو اسلحے کی فراہمی سے متعلق بھارتی اعتراضات یکسر مسترد کردیے تھے۔
امریکی وزیرخارجہ نے کہا تھا کہ پاکستان کا دفاعی پروگرام ملک یا اس خطے سے ظاہر ہونے والی دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کومضبوط بناتا ہے، یہ کسی کے بھی مفاد میں نہیں کہ ان خطرات کوبڑھنے دیا جائے۔