بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

مسلح افواج اور عوام کے رشتے کو توڑنے والا پاکستان کا دوست نہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلح افواج اور عوام کے رشتے کو توڑنے والا پاکستان کا دوست نہیں ہوسکتا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان کے توہین آمیز بیانات پر لائحہ عمل اختیار کرنے کے حوالے سے گفتگو ہوئی، وزارت داخلہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف قانونی کارروائیوں پر بریفنگ دی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جو بھی ہماری مسلح افواج اور عوام کے درمیان تعلقات کو ٹھیس پہنچانے کا ارادہ رکھتا ہے وہ پاکستان کا دوست نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے افسروں اور جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے نہ صرف دشمن سے بچایا بلکہ ایک ایک چپے کی حفاظت کی اور دشمن کے دانت کھٹے کر دیئے۔ پاکستان کی افواج نے اللہ کے سہارے اور اپنے عقیدے، مصمم ارادے سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک میں تباہ کن سیلابوں سے در پیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے پوری قوم متحد ہے،عوام نے جرات مندی سے اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے ایک بارپھر 1965 کی جنگ جیسے جذبے کا مظاہرہ کیا ہے۔سیلابوں سے ہونے والی تباہی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلابوں سے لاکھوں گھر تباہ ہوئے اور تقریبا تین ہزار افراد جاں بحق ہوئے جن میں سینکڑوں بچے شامل ہیں، اس آفت سے بڑے پیمانے پر فصلوں کو نقصان پہنچا اور مویشی پانی میں بہہ گئے تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ہم حالیہ صورتحال سے نمٹنے کے بارے میں ایک بار پھر اپنی تاریخ کا ایک نیا باب لکھ رہے ہیں۔

Back to top button