قومی
ایشیا کپ میں بھارت کیخلاف جیت پر پاک فوج کی قومی ٹیم کو مبارکباد
پاک فوج نے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کو شکست دینے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘پاک افواج قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف شاندار فتح پر مبارک باد پیش کرتی ہے ‘۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ‘ ٹیم پاکستان آپ ہم سب کیلئے باعث فخر ہیں’۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر گروپ میچ میں ہار کا حساب برابر کردیا۔پاکستان نے بھارت کا 182 رنز کا ہدف محمد رضوان اور محمد نواز کی شاندار اننگز کی بدولت آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔