میجر جنرل محمد انیق الرحمنٰ ملک نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس کا چارج سنبھال لیا
میجر جنرل محمدانیق الرحمن ملک، ہلال امتیاز (ملٹری) نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس کا چارج سنبھال لیا۔ اس ضمن میں کمان تبدیلی کی باقاعدہ تقریب ہیڈکوارٹر اے این ایف میں منعقد کی گئی جس میں سابق ڈی جی اے این ایف، نئے ڈی جی اے این ایف، اے این ایف کے علاقائی کمانڈروں اور دیگر افسران و اہلکاران نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران میجر جنرل غلام شبیر ناریجو نے نئے آنے والے ڈی جی اے این ایف میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ہلال امتیاز (ملٹری) کو باضابطہ طور پر فلیگ آف کمانڈ پیش کیا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق ڈی جی اے این ایف میجر جنرل غلام شبیر ناریجو نے اُن کی سربراہی میں محکمے کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کا مختصر احاطہ کیا۔
انہوں نے فورس کے سربراہ کی حیثیت سے معاشرے سے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے مشن سے متعلق اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا یہ میرے لئے اعزاز ہے کہ میں نے اپنی صلاحیتوں کے مطابق بہتر انداز میں ملک کی خدمت کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے محکمے کے لئے ہمیشہ دعا گو رہنے کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس امر کی یقین دہانی کروائی کہ نئے ڈی جی میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ہلال امتیاز (ملٹری) کی کمان میں محکمہ مزید ترقی کرے گا جو محکمے کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور منشیات کے خاتمے کے مقدس فریضے کے ارادے سے فورس میں شامل ہوئے ہیں۔ میجر جنرل غلام شبیر ناریجو نے نئے ڈی جی میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک اور محکمے کے لیے نیک تمناؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔