شہباز گِل کی اخراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گِل کی اخراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے کی۔سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے اضافی دستاویزات جمع کرانے کے لیے وقت مانگ لیا۔

شہباز گل کے وکیل شعیب شاہین نے روسٹرم پر آ کر  شہبازگل کے ٹرانسکرپٹ کی کاپی دینے کی استدعا کر دی۔وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ ہمیں ہائی کورٹ آرڈر کی مصدقہ نقول بھی فراہم کی جائیں۔جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ اخراج مقدمہ کی درخواست ہے، اخراج مقدمہ سے متعلق 2012 کا سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی ہے، آپ اس سپریم کورٹ کے فیصلے کو دیکھ لیں۔

شہباز گل کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ مجھے اگر کاپی مل جائے ٹرانسکرپٹ کی تو وہ دے دیں۔جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ میں دو ہفتے نہیں ہوں گا۔ عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ 

گزشتہ سماعت میں عدالت نے پولیس، مجسٹریٹ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر رکھے تھے۔شہباز گِل کے وکیل شعیب شاہین، ڈی ایس پی خالد اعوان اور دیگر عدالت پیش ہوئے۔اس کے علاوہ تفتیشی افسر طلعت اور پبلک پراسیکیوٹر رضوان عباسی بھی ہائی کورٹ پیش ہوئے۔ 

Exit mobile version