بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جمیل احمد کو 5 سال کیلئے گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کردیا گیا

وفاقی حکومت نے جمیل احمد کو 5 سال کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کا گورنر مقرر کردیا۔فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ جمیل احمد کو وفاقی حکومت کی سفارش پر صدر پاکستان کی منظوری سے 5 سال کی مدت کے لیے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان تعینات کیا گیا ہے۔

26 سال سے زیادہ کا تجربہ رکھنے والے جمیل احمد ایک ماہر بینکر ہیں، وہ اس سے قبل مرکزی بینک کے ڈپٹی گورنر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے جمیل احمد کو ان کی تعیناتی پر مبارکباد دی۔

جمیل احمد سے قبل عہدے پر تعینات رہنے والے ڈاکٹر رضا باقر کی 3 سالہ مدت رواں سال 4 مئی کو ختم ہو گئی تھی، جس کے بعد ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک کا عہدہ سنبھالا تھا۔

جمیل احمد نے 11 اپریل 2017 سے 15 اکتوبر 2018 تک اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر (بینکنگ اور ایف ایم آر ایم) کے طور پر خدمات سرانجام دی تھیں۔

بطور ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک تعینات ہونے سے قبل انہوں نے آپریشنز، بینکنگ پالیسی اینڈ ریگولیشنز ڈپارٹمنٹ، ڈیولپمنٹ فنانس ڈپارٹمنٹ اور فنانشل ریسورس مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ گروپ ہیڈ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

وہ سعودی عربین مانیٹری ایجنسی (سما) کے لیے بھی کام کر چکے ہیں۔

مرکزی بینک کی ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے بینکنگ سسٹمز کی پالیسی، ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل اور ان کے مالی استحکام کی نگرانی میں نمایاں کردار ادا کیا۔انہوں نے پاکستان میں الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشنز کے لیے ضوابط کی تشکیل اور اجرا کے عمل کی نگرانی کی۔

Back to top button