نومنتخب ہونے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے ملک کے 23ویں وزیراعظم کا حلف اٹھالیا ہے۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں قائم مقام صدرصادق سنجرانی نے نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف سے حلف لیا، جہاں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت اتحادیوں جماعتوں کے اراکین، نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز بھی شریک، سیاسی جماعتوں کے رہنماوں، سول و عسکری قیادت سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نئے وزیراعظم شہباز شریف کو مبارک باد دی۔
قبل ازیں شہباز شریف متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کی حیثیت سے 174 ووٹ سے پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے تھے اور سیکریٹری قومی اسمبلی نے شہباز شریف کا وزیراعظم کی حیثیت سے نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔ جس کے بعد ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی علیل ہیں اور ڈاکٹروں نے چند دنوں کے لیے آرام کا مشورہ دیا ہے۔۔
تقریب حلف برداری میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے۔
خیال رہے کہ آج قومی اسمبلی میں ہونے والے اجلاس میں شہباز شریف نے قائد ایوان کے انتخاب میں 174 ووٹ حاصل کیے تھے۔