لیٹر گیٹ ،لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق خان کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن تشکیل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کابینہ نے عالمی سازش کو سامنے رکھ کر لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق خان کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے دیا ہے، کمیشن دیکھے گا کہ خط میں رجیم چینج کی دھمکی دی گئی ہے یا نہیں، خط کا مواد اسمبلی میں رکھا جائے گا، دیکھا جائے گا کہ عالمی سازش میں مقامی ہینڈلر کون تھے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے آج ایک بار پھر عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا، کابینہ نے اپنے عزم کو دوہرایا کہ پوری قوم کی طرح ہم بھی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے دیے گئے فیصلے پر بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کل کے فیصلے سے پوری پارلیمنٹ کی سپریمسی اور بالادستی خطرے میں پڑھ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے جسطرح سے حکم جاری کیا، اسبملی کا اجلاس بھی خود طلب کرلیا، اجلاس کے وقت کا تعین بھی خود کیا، اس سے پارلیمنٹ کی بالادستی خطرے میں پڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے پاس اسپیکر کی رولنگ کا مواد نہیں تھا تو پھر کیسے عدالت اس پر یہ فیصلہ دے سکتی ہے کہ اسپیکر نے اپنا ذہن استعمال کیا ہے یا نہیں۔

Exit mobile version