میر واعظ عمر فاروق کی فوری رہائی عمل میں لائی جائے
جموں و کشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کا مطالبہ
جموں و کشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے میرواعظ عمر فاروق کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میرواعظ عمر فاروق کو رہا کیا جائے تاکہ وہ تاریخی مرکزی جامع مسجد سرینگر سے دعوت و تبلیغ کے اپنے فرائض انجام دے سکیں، جیسا کہ ان کے پیشرو میرواعظین کشمیر کی صدیوں پرانی روایت ہے۔
جموں و کشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے کشمیری عوام کو رحمتوں ، برکتوں اور خوشیوں کے مہینے رمضان المبارک کی آمد پر مبارکباد پیش کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد جو خاص طور پر دوسرے شہروں اور قصبوں سے جامع مسجد آتی ہے ، رمضان کے مقدس مہینے میں میر واعظ عمر فاروق کے خطبات کو سننا اور ان سے استفادہ کرنا چاہتی ہے۔
انجمن نے کہا کہ میرواعظ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی سے نہ صرف ان کی دینی اور سیاسی سرگرمیاں بری طرح متاثرہو رہی ہیں بلکہ کشمیری مسلمان رمضان المبار ک کے دوران میرواعظ کشمیر کی عدم موجودگی کو شدت سے محسوس کر رہے ہیں۔
انجمن اوقاف نے میرواعظ عمر فاروق کی فوری رہائی کا مطالبہ دوہرایا تاکہ وہ تاریخی مرکزی جامع مسجد سرینگر سے دعوت و تبلیغ کے اپنے فرائض انجام دے سکیں، جیسا کہ ان کے پیشرو میرواعظین کشمیر کی صدیوں پرانی روایت ہے۔