بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نمایاں خدمات ادا کرنے پر ملکی و غیر ملکی شخصیات کیلئے سول اعزازات

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات ادا کرنے پر ملکی اور غیر ملکی شخصیات کو یوم پاکستان کے موقع پر سول اعزازات سے نوازا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق ایوان صدر میں اس حوالے سے ایک خصوصی پر وقار تقریب منعقد کی گئی جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو نشان امتیاز، ہلال امتیاز، ستارہ پاکستان، ستارہ شجاعت، ستارہ امتیاز، صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی، ستارہ قائداعظم، تمغہ شجاعت اور تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔

کیمیا کے شعبے میں خدمات پر محمد نعیم کو نشان امتیاز دیا گیا جبکہ ادب کے شعبے میں خدمات پر نذر محمد راشد(المعروف ن م راشد مرحوم) اور مجید امجد (عبدالمجید مرحوم) کو بھی نشان امتیاز دیا گیا۔ڈاکٹر انعام الرحمٰن(سائنس نیوکلیئر فزکس)، ڈاکٹر قمر محبوب(نیوکلیئر انجینئرنگ)، طاہر اکرام(مکینیکل انجینئرنگ)، روحیل حیات(فن، موسیقی اور کمپوزنگ) اور کشور ناہید(ادب) ہلال امتیاز دیا گیا۔

تقریب میں ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے محمد عازمی عبدالحامد اور عمان سے تعلق رکھنے والے شیخ احمد بن حماد الخلیلی کو پاکستان کے لیے خدمات پر ستارہ پاکستان کے اعزاز سے نوازا گیا۔

ستارہ شجاعت کا اعزاز حاصل کرنے والوں میں محمد بخش بریرو، ریشماں اور بریگیڈیئر شفیع اللہ خان شامل ہیں جبکہ ڈاکٹر سید حسین امام عابدی کو سائنس، راشد رانا کو ادب، سید عقیل بلگرامی کو فن تعمیر، محمود الحق علوی (مرحوم) کو انسانیت کے خدمات اور سلمان اقبال کو کھیلوں بالخصوص کرکٹ کے فروغ کے لیے خدمات پر ستارہ امتیاز سے نوازا گیا ہے۔

صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی حاصل کرنے والوں میں سید تجمل حسین، پروفیسر ڈاکٹر یاسر ایاز، شکیلہ ناز اور عرفان اللہ جان شامل ہیں جبکہ ناروے کے چوہدری خالد محمود کو ستارہ قائداعظم کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

تمغہ شجاعت حاصل کرنے والوں میں محمد اکبر خان، آنجہانی اقبال مسیح، عبدالغفار شیخ شہید، ضیا حسین شہید، تبسم شبیر اعوان، عرفان احمد خان درانی، اسد اللہ قریشی، محمد علی، احمد علی، صادق حسین، نور الدین، ملک دارا خان شہید، محمد رحیم شاہ، محمد سعید شاہ، محمد ولید صابر خان، وقار احمد، عبدالقہار خان، جمیل احمد کلہوڑو اور عدنان ملک شامل ہیں۔

تمغہ امتیاز حاصل کرنے والوں میں پروفیسر ڈاکٹر محمد عابد، مومنہ درید قریشی اور اسد محمود شامل ہیں جنہوں نے بالترتیب انجینئرنگ، ڈرامہ اور ماحولیات کے شعبوں میں خدمات پر یہ ایوارڈ حاصل کیے۔

Back to top button