لاہور ٹیسٹ،آسڑیلیا کے 5 وکٹوں پر 232 رنز،شاہین اور نسیم شاہ کی 2،2 وکٹیں
پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنا لیے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شاہین شاہ آفریدی نے تیسرے ہی اوور میں پہلے ڈیوڈ وارنر کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا اور پھر مارنس لبوشین کو بھی وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔
دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد عثمان خواجہ اور اسٹیو اسمتھ نے ذمہ دارانہ انداز میں ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں تاہم 146 کے مجموعے پر اسمتھ نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
عثمان خواجہ 91 اور ٹریوس ہیڈ 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ نے دو دو جبکہ نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو کیمرون گرین 20 اور ایلکس کارے 8 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔
قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور فہیم اشرف کی جگہ نسیم شاہ کو شامل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جانے والے دونوں ٹیسٹ میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے تھے۔