بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان سپر لیگ7،ملتان سلطانز کی مسلسل چھٹی جیت،پشاور زلمی کو شکست

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے میں ملتان سلطانز نے  یکطرفہ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو  شکست دیکر ایونٹ میں مسلسل چھٹی فتح حاصل کرلی۔

ملتان سلطانز کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 140 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، شعیب ملک 44 رنز بناکر نمایاں رہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں پر 182 رنز بنائے، شان مسعود 49 گیندوں پر 68 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز شاندار رہا اور اوپنر شان مسعود اور کپتان محمد رضوان کے درمیان 98 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، تاہم رضوان 34 گیندوں پر 34 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ملتان کو دوسرا نقصان شان کی صورت میں اٹھانا وہ 131 کے مجموعی اسکور پر 68 رنز بناکر پویلین لوٹے۔اس کے علاوہ ٹِم ڈیوڈ 34 اور رائیلی روسو 15 رنز بناسکے۔

پشاور کی جانب سے وہاب ریاض، سلمان ارشاد اور ثاقب محمود نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور کا آغاز بالکل اچھا نہ رہا اور صرف 5 رنز پر 2 کھلاڑی آؤ ٹ ہوگئے،کامران اکمل 4 اور حیدر علی صرف ایک رنز بناسکے۔

2 وکٹیں گرنے کے بعد لیونگسٹن اور شعیب ملک کے درمیان 37 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم وہ بھی زلمی کو کامیابی نہ دلواسکی۔ لیونگسٹن 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ  شعیب ملک 44 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

اس کے علاوہ بین کٹنگ 23 اور رتھرفورڈ 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد پشاور زلمی کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 140 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ملتان کی جانب سے خوشدل شاہ اور مزربانی نے 3،3 وکٹیں حاصل کی۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز کی ایونٹ میں یہ مسلسل چھٹی فتح ہے جس کے بعد وہ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔

اشتہار
Back to top button