بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

مراکش میں گرا بچہ دم توڑ گیا،ملک بھر میں فضاسوگ وار

مراکش میں ایک بچے کو 45 سینٹی میٹر چوڑے کنویں سے نکالنے کی کوششیں ناکام ہوگئیں ،جس کے بعد ریان کی موت پر مراکش بھر میں سوگ کی فضا ہے۔ امدادی ٹیمیں 5 سالہ بچے کو 32 میٹر زمین کی گہرائی میں زندہ رکھنے کیلئے کھانا، پانی اور بذریعہ ٹیوب آکسیجن فراہم کرتی رہیں لیکن بالآخر بچہ ٹھنڈ اور سخت حالات کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔تفصیلات کے مطابق مراکش میں 5سالہ بچے کی افسوسناک حالات میں ہوئی موت نے پوری قوم کو صدمے میں ڈال دیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اغران گائوں میں ریان اورام نامی بچہ پانچ روز قبل ایک کنویں میں گرگیا تھا اور 5روز سے بچے کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری تھیں لیکن تکنیکی رکاوٹوں کی بنا پر ٹیموں کو مشکلات درپیش تھیں اور اسی دوران بچے کی موت ہوگئی۔ریان کی لاش کو جب 5 دن کے بعد کنویں سے نکالا گیا تو سینکڑوں لوگوں کا مجمع تھا جو اونچی آواز میں ریان کیلئے دعائیہ کلمات پڑھ رہے تھے جبکہ مراکش کے بادشاہ محمد نے بھی سرکاری میڈیا کے ذریعے ریان کے والدین سے تعزیت کی۔ دوسری جانب عوام کی بڑی تعداد نے بچے کو بچانے کیلئے جاری امدادی کارروائیوں کو بذریعہ ٹیلی ویژن قریب سے فالو کیا۔ریان کے ایک عزیز کا کہنا تھا کہ ریان کی گمشدگی کا پتہ والدین کو اس وقت چلا جب انہیں کنویں سے آوازیں آئیں۔ انہوں نے فلیش لائٹ آن کرکے اندر جھانکا تو انہیں ریان دکھائی دیا جو کہہ رہا تھا مجھے یہاں سے نکالو۔کنویں کی چوڑائی 45 سینٹی میٹر تھی جبکہ گہرائی 32 میٹر جس کی وجہ سے امدادی ٹیموں کا براہِ راست نیچے اترنا ناممکن تھا۔اغران کا علاقہ پہاڑوں پر مشتمل ہے جہاں موسم سرما میں سخت سردی پڑتی ہے۔

Back to top button