عالمی ادارہ صحت نے 1ارب کورونا ویکسین ڈوز تقسیم کرنے کا سنگ میل حاصل کرلیا
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے پروگرام کوویکس نے 1 ارب کورونا وائرس کی ویکسین کی ڈوزز کی تقسیم کا سنگِ میل عبور کر لیا۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی تقسیم کا کام گزشتہ برس فروری 2021ء میں گھانا سے شروع کیا گیا تھا۔
ایک ارب کورونا ویکسین کی تقسیم کا عمل روانڈا میں پہنچ کر تکمیل کو پہنچا ہے۔
کوویکس پروگرام کا مقصد دنیا کے غریب ملکوں میں ویکسین کی بہم فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔
عالمی ادارۂ صحت کے مطابق 1 ارب کورونا ویکسین کی تقسیم کے باوجود کوویکس اپنا طے شدہ ہدف نصف ہی عبور کر سکا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ کوویکس نے طے کیا تھا کہ 2021ء کے آخر تک 2 ارب ویکسین دنیا میں تقسیم کر دے گا۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق مطلوبہ تعداد میں ویکسین کی فراہمی میں ناکامی کی وجہ امیر ملکوں میں ویکسین کی ذخیرہ اندوزی رہی ہے۔
امیر ملکوں نے زیادہ پیسے دے کر غریب ملکوں کو کورونا ویکسین سے محروم رکھا۔
عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈ روس کے مطابق اب تک دنیا بھر میں 9 اعشاریہ 4 ارب ویکسینز لگائی جا چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اتنی ویکسینز لگنے کے باوجود افریقہ کے 50 فیصد لوگوں کو ویکسین کی ایک بھی خوراک نہیں ملی ہے۔
ماہرینِ صحت کے مطابق آبادی کے بڑے حصے کے ویکسی نیشن سے محروم رہنے سے ہی نت نئے ویرینٹ سامنے آ رہے ہیں۔
ماہرینِ صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ اومنی کرون بڑھنے سے بوسٹرز ڈوزز کی طلب بڑھے گی، یہ طلب ویکسین کی غریب ملکوں کو تقسیم متاثر کرے گی۔