خیبرپختونخوا میں بھی اومی کرون کیسز کی تصدیق
محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے میں اومی کرون وائرس کے 6 کیسز کی تصدیق کردی۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں اومی کرون وائرس کے 6 کیسزسامنے آئے ہیں جن میں سے 5 مریضوں کا تعلق پشاور اور ایک کا مانسہرہ سے ہے۔
مانسہرہ میں اومی کرون سے متاثرہ شخص کو قرنطینہ کردیا گیا جب کہ ایک مریض حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور 4 خیبر ٹیچنگ اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
دوسری جانب ڈی جی ہیلتھ کے پی ڈاکٹر نیاز نے میڈیا کو بتایا کہ متاثرہ مریضوں میں اومی کرون وائرس کی تصدیق ہوئی، پنجاب ،ا سلام آباد اور کراچی کے بعد پشاورمیں بھی اومی کرون وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، متاثرہ مریضوں سے متعلق مزید تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اومی کرون زیادہ خطرناک نہیں ہے، اس سے اموات کی شرح زیادہ نہیں ہوتی، اومی کرون کی شدت کم ہوتی ہے جس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھتی ہے۔