نیب بزنس فرینڈلی ادارہ ہے جو بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیتا ہے، جسٹس (ر)جاوید اقبال

قومی احتساب بیورو کے چیئرمین کی منڈی بہائوالدین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو

قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی ملکی ترقی و خوشحالی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، نیب بزنس فرینڈلی ادارہ ہے جو بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ منڈی بہائو الدین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے نیب کی ملک کو کرپشن فری بنانے کیلئے کوششوں کو سراہا۔

نیب اعلامیہ کے مطابق قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال سے منڈی بہائوالدین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سات رکنی وفد جس کی قیادت صدر سید رضا حیدر نقوی کر رہے تھے، نے نیب ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب بزنس کمیونٹی کی ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، نیب بزنس فرینڈلی ادارہ ہے جو بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ نیب نے انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور انڈر انوائسنگ کے کیسز ایف بی آر کو ریفر کر دیئے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ انہوں نے وفاق ہائے ایوانہائے صنعت و تجارت کراچی، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی جہاں بزنس کمیونٹی نے ان کے مسائل کے حل کیلئے نیب کی کاوشوں کو سراہا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کے کسی اقدام سے بزنس کمیونٹی کیلئے نہ پہلے مشکلات پیدا ہوئیں اور نہ اب ہوں گی کیونکہ نیب ہمیشہ آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دینے پر یقین رکھتا ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ انہوں نے اپنے منصب کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد نہ صرف ہر ماہ کی آخری جمعرات کو ملک بھر کے لوگوں کی شکایات کو ذاتی طور پر سننے کا فیصلہ کیا بلکہ بزنس کمیونٹی کی شکایات کے حل کیلئے نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ڈائریکٹر کی سربراہی جبکہ نیب کے تمام علاقائی دفاتر میں سپیشل سیل قائم کئے جو بزنس کمیونٹی کی شکایات کے بروقت ازالہ کیلئے باقاعدگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، معیشت کی بہتری، محنت، دیانتداری اور قانون کے مطابق کام کرنے والے بزنس کمیونٹی کے افراد کی جہاں ہم قدر کرتے ہیں وہاں وہ بے بنیاد پروپیگنڈہ کی پراوہ کئے بغیر اپنی تمام تر توانائیاں ملکی معیشت کی ترقی و خوشحالی پر صرف کریں کیونکہ ملک ترقی کرے گا تو بزنس کمیونٹی خوشحال ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے گذشتہ چار سالوں میں 539 ارب روپے بلاواسطہ اور بالواسطہ طور پر نہ صرف برآمد کئے بلکہ ہزاروں ہائوسنگ سوسائٹیز کے متاثرین، دیگر سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے حوالے کئے جس پر انہوں نے نیب کا شکریہ ادا کیا۔

منڈی بہائو الدین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد جس کی قیادت صدر سید رضا حیدر نقوی کر رہے تھے، نے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں نیب کی شاندار کارکردگی کو نہ صرف سراہا بلکہ چیئرمین نیب پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کرپشن کی نشاندہی میں بھرپور تعاون کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر گذشتہ چار سالوں میں نیب کی ریکوری اور متاثرہ خاندانوں کو بروقت ان کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی کو سراہا۔ وفد نے مبینہ بدعنوان عناصر/قبضہ مافیا سمیت مختلف مسائل پر روشنی ڈالی۔

چیئرمین نیب نے وفد کو یقین دلایا کہ نیب آئین و قانون کے مطابق ان کے مسائل کا جائزہ لے گا۔ چیئرمین نیب نے نیب ہیڈکوارٹرز میں بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے قائم سپیشل سیل کو ہدایت کی کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے متعلقہ سیل کو دوبارہ احکامات جاری کرتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ نیب سے متعلقہ کسی بھی شکایت کے ازالہ کیلئے متعلقہ سپیشل سیل سے رابطہ کیا جائے۔

وفد نے چیئرمین نیب کو منڈی بہائو الدین چیمبر کے دورہ کی دعوت دی جو چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے قبول کر لی۔

Exit mobile version