پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ملک بھر میں ہڑتال، پیٹرول پمپس کے باہر گاڑیوں کی لمبی قطاریں ،شہریوں کو دشواری کا سامنا رہا
ناجائز منافع خور پیٹرول من پسند قیمت پر فروخت کر کے خوب پیسے بٹور تے رہے
پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے منافع کے مارجن کو بڑھانے کے لیے ملک بھر میں ہڑتال کر دی، بیشتر پیٹرول پمپس بند ہونے سے شہریوں کو دشواری کا سامنا رہا، بعض سرکاری اور نجی پمپس پر پیٹرول کی فراہمی جاری رہی۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح 6 بجے سے ملک بھر میں پٹرول پمپ بند کر د یئے گئے ، صرف ایمبولینسز کو پٹرول مہیا کیا گیا۔ لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک بھر میں پیٹرول کی فراہمی روک دی گئی ،کراچی میں اکثر پیٹرول پمپس بند رہے ، جو پمپس کھلے رہے وہاں گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگی رہیں، گاڑی، موٹر سائیکل کے ساتھ شہری بوتلوں میں بھی پیٹرول بھر کر لے جا تے رہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس سے جڑواں شہر راولپنڈی کے بیشتر پیٹرول پمپس بند رہے۔سرگودھا میں بھی پیٹرول پمپ مالکان کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کی گئی ۔پشاور میں بھی پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاجاً پیٹرول پمپس بند رہے۔
گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور چترال میں بھی پیٹرول پمپس بند ر ہے ۔ گذشتہ رات سے پیٹرول بھروانے کے لیے پمپس کے باہر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔لوگوں کے رش، ٹنکیاں فل کرانے اور مختلف کینز وغیرہ میں ذخیرہ کرنے کے باعث اکثر پیٹرول پمپس پر پیٹرول ہی ختم ہو گیا جس کی وجہ سے بھی بیشتر پیٹرول پمپ بند ہو گئے۔شہریوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھا کر ناجائز منافع خور پیٹرول من پسند قیمت پر فروخت کر کے خوب پیسے بٹور تے رہے ۔پٹرولیم ڈیلرز نے مطالبہ ہے کہ ان کے منافع کا مارجن بڑھا کر 6 فیصد کیا جائے، منافع بڑھانے تک حکومت سے مذاکرات بھی نہ کرنے کا اعلان کیا گیا۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نعمان بٹ نے کہا کہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہیں کئے اس لئے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کئے۔انہوں نے کہا ہے کہ جب تک ڈیلر مارجن 6 فیصد نہیں کیا جاتا مذاکرات نہیں ہوں گے، حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کے صدر ندیم خان کے مطابق گوجرانوالہ میں ہڑتال غیر معینہ مدت کے لیے ہے، مطالبات کی منظوری تک ہڑتال ختم نہیں کریں گے۔