بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

برطانیہ سے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے منتظر ہیں،آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں انسانی المیے سے بچنے کے لیے عالمی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان، پاکستان اور ایران کے فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس کے ڈائریکٹر اور برطانوی وزیر اعظم کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان اور پاکستان نائجل کیسی نے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

آرمی چیف نے کہا کہ افغان عوام کی معاشی بہتری کے لیے عالمی اقدامات ضروری ہیں، پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں برطانیہ کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اپنے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے منتظر ہیں۔

آرمی چیف نے ایک بار پھر زور دیا کہ ’افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے‘۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مہمان نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کاوشوں، علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

معزز مہمان نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون مزید بہتر بنانے کے لیے کردارادا کرنے کا عزم دہرایا۔

اشتہار
Back to top button