بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ٹرین کی سکول وین کو ٹکر سے 3 طالب علم جاں بحق

شیخوپورہ کے علاقے سریانوالہ جیتہ باڑیاں روڈ پر ٹرین کی اسکول وین کو ٹکر سے 3 طالب علم جاں بحق ہوگئے۔

جیونیوز کے مطابق جیتہ باڑیاں روڈ پر بغیر پھاٹک کے ریلوے کراسنک سے اسکول وین گزر رہی تھی جو ریلوے ٹریک پر پھنس گئی، اس دوران دوسری طرف سے آنے والی راوی ایکسپریس اسکول وین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دو طالب علم موقع پر جاں بحق ہوگئے جب کہ دیگر زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور 8 طلبہ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں ایک زخمی دم توڑ گیا۔

ریلوے حکام نے بتایا کہ حادثہ واربرٹن اور شیخوپورہ اسٹیشن کے درمیان پیش آیا، حادثے والی جگہ پرکوئی پھاٹک نہیں تھا اور ضلعی انتظامیہ نےعارضی کراسنگ بنا رکھی تھی جب کہ ضلعی انتظامیہ کا اہلکار ریلوے کراسنگ پر تعینات نہیں تھا۔

ریلوے حکام کا کہنا تھاکہ اس روٹ پر 2 سال بعد ٹرین سروس بحال ہوئی ہے۔

حادثے  کے بعد اسکول وین کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جب کہ اہل علاقہ نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرین کو روک دیا۔

Back to top button