بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

جونیئر ہاکی ورلڈ کپ،بھارت نے پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کردیئے

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے زیراپتمام 24 نومبر تا 5 دسمبر 2021 انڈیا کے شہر بھوبنیشور میں منعقد ہونے والے عالمی جونیئر ہاکی کپ میں شرکت کے لئے بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان جونیئر ٹیم اورآفیشلز کے ویزے جاری کردیئے گئے ، اس امر کا اظہار سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن اولمپین آصف باجوہ نے پی ایچ ایف ہیڈ کواٹرز لاہور میں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جونیئر عالمی ہاکی کپ میں شرکت کے لئے حکومت پاکستان کی جانب سے این او سی بھی جاری کردیا گیا ہے اور قومی دستے کے آدھے سے زائد ویزہ جات بذریعہ کوریئرسروس آج پاکستان ہاکی فیڈریشن ہیڈ کواٹرز لاہور میں موصول ہوچکے ہیں ۔ سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن اولمپین آصف باجوہ نے کہا کہ عالمی جونیئر ہاکی کپ میں شرکت کے لئے قومی جونیئر ہاکی سکواڈ کی انڈیا روانگی 20 نومبر کو شیڈول ہے۔

سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف اولمپین آصف باجوہ نے کہا کہ ایونٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جس میں سے چار ٹیمیں پاکستان کے پول میں شامل ہیں جن میں جرمنی، ارجنٹائن، پاکستان اور مصر شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پول میں سے دو ٹیمیں کوالیفائی کرینگی اگر پاکستان جرمنی کو جیتتا ہے تو انشاءاللہ پاکستان کواٹرفائینل کے لئے کوالیفائی کرنے کے لئے فیورٹ ہوجائے گا۔اولمپین آصف باجوہ نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور کوویڈ کی صورتحال کے باعث قومی جونیئر ہاکی ٹیم کو انٹرنیشنل سطح پر میچز کا تجربہ نہیں حاصل ہوسکا لیکن یہ ایونٹ میں کسی بھی ٹیم کو سرپرائز کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم انڈیا پہنچ کر دو پریکٹس میچز کھیلے گی پہلا میچ 21 نومبر کو چلی کے خلاف اور دوسرا 22 نومبر کو کینیڈا کے خلاف کھیلے گی۔ یہ پریکٹس میچز آف کیمرہ ہونگے اور پریکٹس سیشن کوریج کی اجازت نہیں ہوگی۔  پاکستان جونیئرز ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ جرمنی کے خلاف 24 نومبر کو کھیلے گی جبکہ 27 نومبر کو پاکستان مصر سے نبرد آزما ہوگا۔قومی جونیئر ہاکی سکواڈ ارجنٹائن کے خلاف پول راؤنڈ کا اپنا آخری میچ 28 نومبر کو کھیلے گا۔ سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن اولمپین آصف باجوہ نے کہا کہ قوم سے گذارش ہے کہ وہ قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے لئے دعا کریں اور ٹیم جونیئر عالمی ہاکی کپ جیت کر وطن لوٹے۔

اشتہار
Back to top button