قومی
مہنگائی کیخلاف پنجاب اسمبلی میں ن لیگ نے قرارداد جمع کرا دی
پاکستان مسلم لیگ نون کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مذمتی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔
پنجاب اسمبلی میں یہ قرار داد مسلم لیگ نون کی رکن سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان بجلی کی قیمت میں 1 روپے 38 پیسے اضافے کی مذمت کرتا ہے۔
جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ملک کی انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔
نون لیگ کی قرار داد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اثربراہِ راست تمام ضروریاتِ زندگی کی اشیاء پر پڑتا ہے۔
جمع کرائی گئی قرارداد کے ذریعے مسلم لیگ نون نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کو فوری واپس لیا جائے۔