ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ،بھارتی سورما ٹیم کیویز کے سامنے بھی بے بس

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں گروپ 2 کے میچ میں نیوزی لینڈ نے بھی بھارت کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت  دی ۔

نیوزلینڈ نے آج کے میچ کیلئے اپنی ٹیم میں ایک جبکہ بھارت نے 2 تبدیلیاں کیں۔

بھارتی بیٹسمینوں کی کیویز بولرز کے سامنے ایک نہ چلی اور یکے بعد دیگرے  وکٹیں گرتی رہیں اور بیٹسمین کوئی خاطر خواہ رنز نہ بناسکے۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے جڈیجا 26 اور ہاردک پانڈیا 23 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ کپتان کوہلی بھی کویز بولرز کو پریشان نہ کرسکے اور وہ 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولڈ نے 3 اور ایش سودھی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بیٹنگ کے بعد بھارتی بولرز بھی کیویز کے سامنے بے بس رہے،  نیوزی لینڈ نے 111 رنز کا ہدف با آسانی 15ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل 49 اور کپتان ولیم سن 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

خیال رہے کہ بھارت کو رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری شکست کاسامنا ہے اس سے قبل پاکستان نے 10 وکٹوں سے بھارت کو ہرایا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں 6 ، 6 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ہر گروپ میں شامل ٹیمیں پانچ میچز کھیلیں گی اور 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ساتویں ایڈیشن کا سپر 12 مرحلہ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے۔

Exit mobile version