بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

2اعلیٰ حکومتی شخصیات کی موجودگی میں علما کا وزیر اعظم سے مذاکرات کرنے سے انکار

کالعدم تنظیم کے احتجاج کے معاملے پر آج علما کے وفد کی وزیر اعظم سے ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علما کے وفد نے 2 اعلیٰ حکومتی شخصیات کی موجودگی میں وزیراعظم سے ملاقات سے انکار کردیا تھا جس کے بعد  وزیراعظم نے دونوں شخصیات کو مذاکرات میں شریک نہ ہونے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں علما نے وزیراعظم سے کہا کہ آپ کو صحیح حالات سے آگاہ نہیں کیا جا رہا، حکومتی شخصیات کے بیانات حالات خراب کر رہے ہیں، مذاکرات کیلئے مکمل اختیارات دیے جائیں۔

ذرائع کے مطابق علما نے کہا کہ پولیس اور کالعدم جماعت کے جو لوگ فوت ہوئے وہ پاکستانی اور ہمارے بھائی تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ  فرانسسی سفیر کو نکالنا کسی مسئلے کا حل نہیں اور نہ انہیں نکال سکتے ہیں،  فرانس سے لڑائی بین الاقومی طور  پر پاکستان کو تنہا کر دے گی۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ سعد رضوی کے مقدمات عدالتوں میں ہیں ، عدالتیں سعد رضوی کو رہا کر دیں تو کوئی اعتراض نہیں، مجھے کوئی بلیک میل نہیں کر سکتا، نہ میں بلیک میل ہوں گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ پولیس کو سختی سے گولی چلانے سے منع کیا مگر دوسری طرف سے گولیاں ماری گئیں، پولیس اہلکاروں کی شہادت کے بعد فورس میں بد دلی پھیل گئی، فورس میں بد دلی پھیلنے کی وجہ سے رینجرز کو حکم دینا پڑا، آپ ان کے لوگوں کو سمجھائیں کہ خون خرابے سے باز رہیں ، انہیں سمجھائیں تشدد کی طرف نہ خود جائیں نہ ریاست کو لے کر جائیں، جائز مطالبات ماننے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق علما آج اسلام آباد میں ٹی ایل پی کے سربراہ سعد حسین رضوی سے ملاقات کریں گے ، اور انہیں وزیرا عظم اور صدر کے پیغام سے آگاہ کریں گے۔

Back to top button