بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

بلوچستان نے نیشنل ٹی ٹونٹی میں پہلی کامیابی حاصل کرلی

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کے پہلے مرحلے میں بلوچستان نے اے ٹی ایف سدرن پنجاب کو سات وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ سدرن پنجاب کی یہ ایونٹ میں مسلسل تیسری ناکامی ہے۔

عمدہ باؤلنگ کرنے پر عماد بٹ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

فاتح ٹیم نے 102 رنز کا ہدف اٹھارویں اوور کی دوسری گیند پر تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ عبدالواحد بنگلزئی 58 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ یہ ان کی نیشنل ٹی ٹونٹی میں پہلی نصف سنچری ہے۔ ان کی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کو پہلا نقصان کپتان امام الحق کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ 8 کے انفرادی اسکور پر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ کے لیے عبدالواحد بنگلزئی نے بسم اللہ خان کے ہمراہ 57 رنز کی شراکت قائم کی۔

بسم اللہ خان 28 رنز بناکر خوشدل شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے عماد بٹ تین اسکور بنا کر آؤٹ ہوئے۔انہیں حسان خان نے آؤٹ کیا۔

جس کے بعد تجربہ کار حارث سہیل کریز پر پہنچے۔ انہوں نے ٹاپ اسکورر عبدالواحد بنگلزئی کے ہمراہ 15 رنزکی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح دلادی۔ حارث سہیل تین رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت ہوا۔ بلوچستان کی باؤلنگ کے سامنے سدرن پنجاب کی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 17.5 اوورز میں محض 101 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

عماد بٹ نے 11 اور یاسر شاہ نے 19 رنز کے عوض تین تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

عمید آصف نے 2 جبکہ کاشف بھٹی اور خرم شہزاد ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سدرن پنجاب کے صرف تین بیٹرز ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔کپتان صہیب مقصود 24 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ حسان خان 19 اور ذیشان اشرف 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

Back to top button