پی آئی اے کے بیڑے میں مزید ائیربس طیاروں کا اضافہ
عالمی وبا کورونا اور عالمی ہوا بازی کے حالات کے باعث پاکستان کی فضائی کمپنی گزشتہ 2 سال سے طیارےحاصل نہیں کرسکی تھی۔ترجمان پی آئی اے
پاکستان کی قومی فضائی کمپنی ( پی آئی اے ) کے بیڑے میں مزید ائیربس طیاروں کا اضافہ کردیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق، پی آئی اے نے ٹینڈر کے ذریعے 2 طیارے حاصل کیے ہیں، لیزپر حاصل کیا گیا ایک اے 320 طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا ہے جبکہ دوسرا طیارہ چند روز میں پاکستان پہنچےگا۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ پی آئی اےکی جانب سےحاصل کیے گئے دونوں طیارے 2017 ماڈل کے ہیں جو کہ پی آئی اے کے پرانے طیاروں کی جگہ لیں گے۔
ترجمان پی آئی اے کےمطابق ، عالمی وبا کورونا اور عالمی ہوا بازی کے حالات کے باعث پاکستان کی فضائی کمپنی گزشتہ 2 سال سے طیارےحاصل نہیں کرسکی تھی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ حاصل شدہ طیاروں سے پی آئی اے اپنے مہمانوں کو بہتر اور آرام دہ سفری سہولیات مہیا کرسکےگا۔
دوسری جانب اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک نے خصوصی طور پر پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور وزیر ہوابازی کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ نئے طیاروں کاحصول اللہ کی مہربانی اور میری ٹیم کی کاوشوں سے عمل میں آیا ہے۔