بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اٹلی کے ساتھ دفاع، تجارت اور مشترکہ سرمایہ کاری چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان

پر امن اور مستحکم افغانستان خطے اور پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔اطالوی وزیر خارجہ سے ملاقات میں تبادلہ خیال

وزیراعظم عمران خان سے اطالوی وزیر خارجہ  لیوجی ڈی مایو نے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات سمیت افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

اطالوی وزیر خارجہ سے ملاقات کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طویل تنازعے اورعدم استحکام کے باعث پاکستان کو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا، پر امن اور مستحکم افغانستان خطے اور پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی بڑے پیمانے پر ہجرت کو روکنا انتہائی ضروری ہے، عالمی برادری کو افغان عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اٹلی پاکستان کے لیے ایک اہم شراکت دار ہے، اٹلی کے ساتھ دفاع، تجارت اور مشترکہ سرمایہ کاری چاہتے ہیں۔

اطالوی وزیر خارجہ نے افغانستان سے انخلا میں اطالوی باشندوں کو سہولت فراہم کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اٹلی بھی مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دے گا۔

اس موقع پر اطالوی وزیر خارجہ  نے وزیراعظم عمران خان کو اٹلی کے دورے کی دعوت دی جب کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی اطالوی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت کا پیغام بھجوایا۔

اشتہار
Back to top button