تمام چیلنجز کے باوجود آج پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں،آرمی چیف

دنیا جان لے مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے بغیر خطے میں امن و استحکام کا خواب ادھورا رہے گا،مغربی سرحد پرہر طرح کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دنیا جان لے مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے بغیر خطے میں امن و استحکام کا خواب ادھورا رہے گا جبکہ مغربی سرحد پرہر طرح کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پارلیمنٹ کی کشمیر اور دفاعی کمیٹیوں کے وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)  راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں وفد کو سرحدوں کی صورتحال اور پاک فوج کی امن و استحکام کی کوششوں پر بریفنگ دی گئی۔

وفد سے تفصیلی ملاقات میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے قوم کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملکی حالات کو معمول پر لانے میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔

ان کا کہنا تھاکہ تمام چیلنجز کے باوجود آج پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں، مغربی سرحد پر بروقت اقدامات اٹھائے، آج ہم ہر طرح کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خطے کی پائیدار ترقی کیلئے افغانستان میں امن کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مقبوضہ کشمیر اور کشمیریوں کیلئے پاک فوج کی حمایت کا عزم دہرایا۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دنیا جان لے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے بغیر خطے میں امن و استحکام کا خواب ادھورا رہے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں انتہا پسندی سے نمٹنے کیلئے بحثیت قوم کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Exit mobile version