امریکی ناظم الامور کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات،افغان صورتحال پر تبادلہ خیال
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور افغانستان کی حالیہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا افغانستان میں کوئی پسندیدہ نہیں ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ناظم الامور انجیلا ایجلر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور افغانستان کی حالیہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کا افغانستان میں کوئی پسندیدہ نہیں ہے اور اس کا واحد مقصد پرامن، خودمختار، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے قیام میں مدد کرنا ہے۔
آرمی چیف نے کابل ایئرپورٹ پر دہشت گرد حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے جڑ سے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کا عزم ظاہر کیا۔
امریکی ناظم الامور نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور کابل سے انخلا کے عمل میں خصوصی تعاون پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔