دورہ میں نیوزی لینڈ کے کرکٹرز پاکستانی ثقافت سے روشناس ہونگے، وسیم خان
نیوزی لینڈ نہ صرف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح بلکہ ورلڈکپ 2019 کی فائنلسٹ ٹیم بھی ہے
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہےکہ نیو زی لینڈ کیخلاف سیریز پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کا بہترین آغاز ہوگا۔ نیوزی لینڈ نہ صرف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح بلکہ ورلڈکپ 2019 کی فائنلسٹ ٹیم بھی ہے۔ وہ آئی سی سی کی موجودہ ورلڈٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھی تیسرے نمبر پرموجود ہے۔ مہمان ٹیم کا دورہ پاکستان شائقین کرکٹ کی توجہ اپنی طرف مبذول کروانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ایک محفوظ اور پرامن ملک ہونے کی دلیل ثابت ہوگا۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ نے ہماری درخواست پر دورے میں دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کے اضافے پر آمادگی ظاہر کی ۔ سیریز میں یہ اضافہ نہ صرف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں میں معاونت کرے گا بلکہ اس سے نیوزی لینڈ کے کرکٹرز کو پاکستان میں مزید وقت گزارنے کا موقع بھی ملے گا، جس سے وہ پاکستانی ثقافت سے روشناس ہوسکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دور ےسے پاکستان ایک مرتبہ پھر اپنی بہترین میزبانی سے دنیا کو یہ بآور کروانے میں کامیاب ہوگا کہ یہاں کرکٹ مکمل طور پر بحال ہوچکی ہے۔ اس دورے سے نہ صرف باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں بلکہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد میں اس کھیل کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا۔
نیوزی لینڈ نے اس سے قبل نومبر 2003 میں آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے تھے۔ 2003 کے بعد پاکستان اب تک تین مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کرچکا ہے تاہم یہ تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے۔