قومی
افغانستان کی جانب سے پاکستانی چیک پوسٹ پر فائرنگ،دو جوان شہید
جام شہادت نوش کرنے والوں میں 43 سالہ حوالدار سلیم اور 35 سالہ لانس نائک پرویز شامل ہیں
افغانستان سے دہشت گردوں کی پاک فوج کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے افغانستان سے شمالی وزیرستان کے ضلع دواتوئی میں پاکستان کی فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی گئی، جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا تاہم اس دوران ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی جوان شہید ہوگئے ، جن میں 43 سالہ حوالدار سلیم اور 35 سالہ لانس نائک پرویز شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے افغان سرزمین کے مستقل استعمال کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان مستقل طور پر افغانستان سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ اپنی طرف سے موثر بارڈر کنٹرول کو یقینی بنائے۔