وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ اپوزیشن کشمیر کا ذکر ایسے کرتی ہے جیسے یہ نقشے پر 3 سال میں نمودار ہوا ،کشمیر کا مقدمہ وہ لڑ سکتا ہے جس کے فارن بینک اکاؤنٹ نہ ہوں ۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ آج عمران خان نے ہندوتوا کے نظریے کو بے نقاب کیا،کشمیر میں ظلم و جبر پر رپورٹ 2018 میں آئی، آپ کے دور میں کیوں نہ آئی،حریت کی قیادت اپنے نظریے پر قائم ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ فلسطینی آج پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،غزہ پر بمباری ہو رہی تھی تب عمران خان بول رہا تھا، بلاول کا بیان سنائی نہیں دیا، بلاول اس لیے نہیں بولا کہ کہیں کوئی ناراض نہ ہو جائے،ان کی نگاہیں وہاں لگی ہیں جہاں ہمیشہ لگی ہوتی ہیں، ہماری نگاہیں ریاست مدینہ پر لگی ہوئی ہیں، مجھے معلوم ہے آپ مک مکا کرنے کے قائل ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ فیٹف کی باتیں وہ کر رہے تھے جو پاکستان کو فیٹف میں لے کرگئے، تم نےگرے لسٹ میں پاکستان کو ڈالا کیوں؟ جو قوم آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ پھیلا رہی ہو اس کی بات نہیں سنی جاتی، ایک طبقہ ایسا ہے جو سوٹ بوٹ پہن کر ملک لوٹ کر پیسہ باہر بھیجتا ہے۔