فواد چوہدری کا فلسطینی سفارتخانے کا دورہ

وفاقی وزیر نے فلسطینی سفیر کو وزیراعظم پاکستان کا فلسطین کی عوام کیلئے یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے عید کے دن فلسطینی سفارتخانے کا دورہ کیا۔فواد چوہدری نے پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر احمد ربائی سے ملاقات کی جبکہ وفاقی وزیر نے فلسطینی سفیر کو وزیراعظم پاکستان کا فلسطین کی عوام کیلئے یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس عید کے موقع پر پاکستانی قوم فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان کی پوری قوم فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم پرسراپا مضطرب اور احتجاج ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کو ہر سطح پر پاکستان کی حکومت کی اعانت حاصل رہے گی، وزیراعظم عمران خان بذات خود فلسطین کے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس مسئلے پر مسلسل اسلامی ریاستوں کے حکمرانوں سے رابطے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم نے ترک صدر طیب اردوان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے رابطہ کیا ہے۔فلسطینی سفیراحمد ربائی نے پاکستان کے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی پر اظہار تشکرکیا اور کہا کہ پاکستان کے اظہاریکجہتی سے ہم اپنے آپ کو مضبوط محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک73 فلسطینی بشمول خواتین وبچے لقمہ اجل بن چکے ہیں، 1500 فلسطینی اب تک اسرائیلی مظالم کے سبب زخمی اور1000 گھر تباہ ہوچکے ہیں۔فلسطین کے سفیر نے فواد چوہدری کو قرآن مجید کا نسخہ بھی ہدیہ کیا۔

فواد چوہدری نے سفارتخانہ کی یاداشت پراپنے دورہ اور فلسطین کے موجودہ حالات پر اپنے جذبات وخیالات کو قلمبند کیا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف بھی فلسطینی سفارتخانے پہنچے تھے اور اظہار یکجہتی کیا تھا۔

Exit mobile version