بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بہت دباؤ آئے کہ اسرائیل کو تسلیم کرلیا جائے ،شیریں مزاری

فلسطین کو انصاف ملنے تک اسرائیل سے متعلق سوچا بھی نہیں جاسکتا۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے دباؤ ڈالے جانے کا انکشاف کردیا۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں شیریں مزاری کا کہنا تھاکہ بہت دباؤ آئے کہ اسرائیل کو تسلیم کرلیا جائے لیکن پاکستان نےکہاکہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی نہیں ہوسکتا اور فلسطین کو انصاف ملنے تک اسرائیل سے متعلق سوچا بھی نہیں جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ او آئی سی میں فلسطین اورکشمیر کیلئے آواز نہیں اٹھائی جاتی جبکہ پاکستان نے ماضی میں ہر مسلمان ملک کے انصاف کیلئے آواز اٹھائی، ماضی میں مسلم امہ کی مسلمان ممالک کے انصاف کیلئے کھڑے ہونا روایت رہی ہے۔

شیریں مزاری کا کہنا تھاکہ بھارت اور اسرائیل نے انسانی حقوق کے قوانین کی دھجیاں اڑادی ہیں، لگتا ہے امریکا میں صدر جو بائیڈن کے آنے سے خاص تبدیلی نہیں آئے گی، فلسطین سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ اورجو بائیڈن کے درمیان فرق نظر نہیں آرہا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ رمضان شروع ہوا تو اسرائیل نے مسلمانوں کو نماز پڑھنے اور اذان دینے سے روکا، مسلم ممالک کو کم از کم فلسطین اور کشمیر کیلئے آواز تو اٹھانی چاہیے جبکہ کشمیر کمیٹی کی طرح پاکستان میں فلسطین کمیٹی بھی بنانی چاہیے۔

Back to top button