فیس بک نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اورجھٹکا دیدیا
سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے ٹرمپ کی بہو کے پیج سے سابق صدر کی ویڈیو ہٹادی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فیس بک کے ترجمان نے ٹرمپ کی بہو کے فیس بک پیج سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک انٹرویو کی ویڈیو ہٹانے کی تصدیق کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر ٹرمپ کے بیٹے ایرک کی اہلیہ لارا ٹرمپ نے حال ہی میں امریکی نشریاتی ادارے میں شمولیت اختیار کی ہے اور انہوں نے ایک آن لائن شو میں سابق صدر اور اپنے سسر ڈونلڈ ٹرمپ کا انٹرویو کیا تھا جسے انہوں نے اپنے فیس بک پیج پر پروموٹ کیا جسے فیس بک نے ہٹادیا۔
لارا ٹرمپ نے سابق امریکی صدر کی ویڈیو ہٹائے جانے کی فیس بک کی ای میل کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا اور بتایا کہ فیس بک نے ان کی ٹرمپ کے ساتھ ویڈیو کو ہٹادیا ہے کیونکہ فیس بک نے ٹرمپ پر پابندی عائد کررکھی ہے۔لارا ٹرمپ کے مطابق فیس بک نے ٹرمپ کی ویڈیو ہٹانے سے متعلق کہا ہےکہ انہوں نے ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام کو بند کررکھا ہے، اگر ڈونلڈ ٹرمپ کی آواز میں مزید کوئی مواد پوسٹ کیا گیا تو اسے بھی ہٹادیا جائیگا اور اس کے نتیجے میں مواد پوسٹ کرنے والے کا اکاؤنٹ بھی محدود کردیا جائے گا۔
فیس بک ترجمان نے سابق امریکی صدر کی ویڈیو ہٹانے کی تصدیق کرتے ہوئے اس پر مزید بات کرنے سے انکار کیا جب کہ ٹرمپ کے ترجمان نے بھی اس پر فوری طور پر کوئی رد عمل دینے سے انکار کردیا۔واضح رہےکہ عہدہ صدارت کے آخری ایام میں ٹرمپ کے حامیوں نے امریکی پارلیمنٹ کی عمارت پر حملہ کیا تھا جس کی حوصلہ افزائی کرنے پر ٹرمپ کو فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام سمیت کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کا سامنا ہے۔