کوئٹہ سے پشاور جانے والی ٹرین نمبر 39 اپ جعفر ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ۔ یہ حادثہ سکھر کے قریب شکار پور ریلوے سٹیشن پر پیش آیا ۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ متاثرہ بوگیوں کے مسافروں کو دوسری بوگیوں میں منتقل کرنے کے بعد ٹرین کو منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے ۔
یاد رہے کہ جعفر ایکسپریس پاکستان کی واحد ٹرین ہے جو چاروں صوبوں سے گزرتی ہے ۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے روانہ ہو کر سبی سے ہوتی ہوئی صوبہ سندھ میں داخل ہوتی ہے ۔ جیکب آباد، سکھر، روہڑی سے گزرنے کے بعد یہ صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان پہنچتی ہے ۔ اس کے بعد بہاولپور، ملتان، ساہیوال، لاہور، گوجرانوالہ، جہلم، راولپنڈی اور اٹک سے گزرنے کے بعد صوبہ خیبر پختون خواہ میں نوشہرہ سے ہوتے ہوئے صوبائی دارالحکومت پشاور پہنچتی ہے ۔