توانائی کے وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کے شعبے کو پائیدار اور شفاف بنانے کیلئے جامع اصلاحات نافذ کر رہی ہے جس میں صارفین کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے ریجنل نائب صدر عماد این فخوری کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری، بجلی کی قیمتوں میں استحکام اور کمی کیلئے ٹیرف فنانسنگ اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر توانائی نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کو روکنے اور قیمتوں میں بتدریج کمی کے لیے ٹیرف فنانسنگ سمیت جدید مالیاتی آلات کو بروئے کار لانے کی ضرورت پربھی زور دیا۔
انہوں نے سرکاری و نجی شراکت داری ماڈل کے ذریعے نجی شعبے کی شرکت کے لیے حکومت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری، جدید میٹرنگ انفراسٹرکچر کے منصوبوں اور قومی گرڈ کی صلاحیت میں اضافے کے حوالے سے پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
عماد این فخوری نے حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کو سراہا اور پاکستان کے توانائی کے شعبے میں پائیدار ترقی، مالی استحکام اور قابل عمل مالیاتی حل کے لیے عالمی بینک گروپ اور عالمی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دونوں فریقوں نے جاری اصلاحات اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
