وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے یہ خوشی اور فخر کی بات ہے کہ یہاں مختلف مذاہب کے مقدس مذہبی مقامات موجود ہیں، پاکستان نہ صرف ان مقامات کی حفاظت کر رہا ہے بلکہ یہاں آنے والے یاتریوں کی میزبانی اور خدمت کو اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے۔
اسلام آباد میں بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کے وفد نے وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں موجود مقدس مذہبی مقامات ملک کے لیے ایک اہم اثاثہ ہیں۔ حکومت ان مقامات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ یہاں آنے والے یاتریوں کو بہترین سہولیات اور مہمان نوازی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
سکھ یاتریوں نے کہا کہ پاکستان سکھ مذہب کی قابل احترام شخصیات سے منسوب متعدد اہم مذہبی مقامات کا مرکز ہے۔
یاتریوں نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور بہترین مہمان نوازی کو سراہا جبکہ اسلام آباد کے قدرتی حسن کی بھی تعریف کی۔
