نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی آئندہ دوطرفہ سفارتی سرگرمیوں اور اہم ملاقاتوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے دوران سیکریٹری خارجہ اور اعلیٰ حکام نے اسحاق ڈار کو آئندہ اعلیٰ سطح کے دوروں کے انتظامات اور تیاریوں پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں پاکستان کی سفارتی ترجیحات اور باہمی تعاون کے اہم شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے مجوزہ سفارتی سرگرمیوں کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں اور اس بات پر زور دیا کہ ان ملاقاتوں کے نتیجے میں ٹھوس اور مؤثر پیش رفت سامنے آنی چاہیے۔
نائب وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور شعبوں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے کے ذریعے تمام انتظامات بروقت مکمل کریں اور اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنائیں۔
