وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصادق ملک نے گلیشیئرز اور پہاڑی ماحولیاتی نظام پر تحقیق کے لیے عالمی سطح پر سائنسی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وہ ترکیہ کے شہر انطالیہ میں کوپ 31 (COP31) کے دوران اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی پویلین میں خطاب کر رہے تھے۔
مصادق ملک نے خبردار کیا کہ گلیشیئرز کے پگھلنے اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب کے بڑھتے ہوئے خطرات کمزور اور متاثرہ آبادیوں کے لیے سنگین خطرہ بن رہے ہیں، جس سے ان کے ذرائع معاش بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے تحقیق اور جدت کے فروغ کے لیے پاکستان کی مجوزہ کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے گرین ورچوئل یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے پر روشنی ڈالی۔ اس منصوبے کے ذریعے پاکستانی طلبہ، محققین اور اساتذہ کو دنیا کی ممتاز جامعات اور سائنس دانوں سے منسلک کیا جائے گا۔
انہوں نے ترقی یافتہ ممالک اور عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات برداشت کرنے والے ترقی پذیر ممالک کو بروقت مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کریں۔
